Skip to main content

Pass e marg mere mazar par jo charagh kisi ne jala diya

پس ِمرگ میرے مزار پر جو چراغ کسی نے جلا دیا
اسے آہ دامن ِباد نے، سر ِشام ہی سے بجھا دیا

مجھے دفن کرنا تو جس گھڑی، تو یہ اس سے کہنا کہ اے پری
وہ جو تیرا عاشق ِزار تھا، تہہِ خاک اسے دبا دیا

دم ِغسل سے مرے پیشتر، اسے ہم دموں نے یہ سوچ کر
کہیں جائے اس کا نہ دل دہل، میری لاش پر سے ہٹا دیا

میری آنکھ جھپکی تھی اک پل، میرے دل نے چاہا کہ اٹھ کر چل
دل ِبے قرار نے او میاں، وہیں چُٹکی لے کے جگا دیا

ذرا ان کی شوخی تو دیکھیے، لئے زلف زخم شدہ ہاتھ میں
میرے پیچھے آئے دبے دبے، مجھے سانپ کہہ کے ڈرا دیا

میں نے دل دیا، میں نے جاں دی، مگر آہ! تو نے نہ قدر کی
کسی بات کو جو کہا کبھی، اسے چُٹکیوں میں اڑا دیا

بہادر شاہ ظفر

Comments

Popular posts from this blog

To my dear mother